
خلیج اردو
عیدالاضحیٰ سے قبل متحدہ عرب امارات میں قربانی کے جانوروں کی طلب بڑھنے لگی ہے، جبکہ بھارتی بکرے سمندری راستوں میں رکاوٹوں کے باعث اب ہوائی جہازوں کے ذریعے امارات پہنچائے جا رہے ہیں۔
شارجہ کے سجا مویشی مارکیٹ میں تاجروں کے مطابق اس سال بھارتی نسل کے بکرے خریداروں کی پہلی ترجیح بنے ہوئے ہیں، جبکہ ان کی قیمتیں نسل، وزن اور جسامت کے مطابق تقریباً 800 درہم سے 2200 درہم تک پہنچ رہی ہیں۔
بازار کے تاجر عبدالقریشی کے مطابق صومالی بکرے ایک ہزار سے دو ہزار درہم میں فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ بھارتی بکرے تقریباً 900 سے 1600 درہم یا اس سے زائد قیمت پر دستیاب ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھارتی بکرے بحری راستے سے پانچ سے سات دن میں پہنچتے تھے، تاہم خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث بعض درآمد کنندگان اب انہیں فضائی کارگو کے ذریعے لا رہے ہیں، جس سے قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی ہوا ہے۔
مارکیٹ حکام کے مطابق بیشتر خاندان اس سال ایک بکرے کے لیے تقریباً ایک ہزار سے پندرہ سو درہم کا بجٹ لے کر مارکیٹ آ رہے ہیں، جبکہ عید اور یومِ عرفہ کے قریب رش میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
حکام نے بتایا کہ اپارٹمنٹس میں رہنے والے افراد بھی پیشگی بکرے منتخب کر کے ادائیگی کر سکتے ہیں، جبکہ جانور ایک یا دو روز تک مارکیٹ میں محفوظ رکھے جائیں گے اور بعد میں براہِ راست مذبح خانے بھیج دیے جائیں گے۔
مارکیٹ انتظامیہ کے مطابق قربانی کے بعد ذبح، صفائی، معائنہ اور گوشت کی کٹنگ سمیت مکمل عمل عام حالات میں 20 سے 25 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے، تاہم عید کے رش کے دوران انتظار کا وقت بڑھ سکتا ہے۔
شارجہ مارکیٹ میں اس سال قربانی کے آرڈرز کیلئے نیا ٹریکنگ سسٹم، الگ راستے، انتظار گاہیں اور اضافی قصائی و صفائی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ رش اور مشکلات کو کم کیا جا سکے۔







