متحدہ عرب امارات

بھارتی جنگی طیارہ تیجس دبئی ایئر شو کے دوران گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

خلیج اردو
دبئی ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کو عالمی سطح پر ایک اور سبکی کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب بھارت کا جنگی طیارہ تیجس فضائی مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں بھارتی پائلٹ ہلاک ہوگیا، جس کی بھارتی فضائیہ نے باضابطہ تصدیق کر دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پائلٹ کو طیارے سے نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ حادثے کے فوری بعد ایئر شو عارضی طور پر روک دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق دو بج کر دس منٹ پر فضائی کرتب دکھاتے ہوئے زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوا۔ ابتدائی تفتیش میں تکنیکی خرابی کو وجہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ اطلاعات کے مطابق دو روز قبل بھی طیارے میں آئل لیک کی شکایت رپورٹ ہوئی تھی۔ 2015 میں بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد تیجس کا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے؛ اس سے قبل 2021 میں ایک تیجس طیارہ راجستھان میں تربیتی پرواز کے دوران تباہ ہوا تھا۔

حادثے کے بعد طیارہ بنانے والی بھارتی سرکاری دفاعی کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) کے شیئرز میں 2.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تیجس پروگرام کی شروعات 1983 میں ہوئی، پہلی ٹیسٹ فلائٹ 2001 میں کی گئی، جبکہ 2016 میں اسے باقاعدہ بھارتی فضائیہ میں شامل کیا گیا۔ اس طیارے کی مالیت تقریباً 350 سے 370 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔ بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر وکرم سنگھ طیارہ اڑا رہے تھے، جو بھارتی فضائیہ کے بہترین پائلٹس میں شمار ہوتے تھے اور سات مراحل پر مشتمل ٹریننگ کورس کے علاوہ چھ ماہ کی خصوصی تربیت حاصل کر چکے تھے۔

دبئی ایئر شو کی انتظامیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ ایئر شو کے فضائی مظاہرے عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ مقام کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی فضائیہ نے بھی حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی ہے۔

حادثے کے بعد بھارتی دفاعی صلاحیتوں پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ناقدین کے مطابق تیجس طیارہ بھارت کے اس بیانیے کی نفی کرتا ہے جس میں مقامی دفاعی پیداوار کو عالمی معیار کے برابر قرار دیا جاتا ہے۔ دہائیوں سے کیے گئے بلند بانگ دعوے، اربوں ڈالر کے دفاعی بجٹ اور میڈیا کی بناوٹ حادثے کے ایک لمحے میں کمزور ثابت ہوئی۔ امریکی کانگریس پہلے ہی بھارت میں دفاعی خریداری میں کرپشن، عدم شفافیت اور سیاسی مداخلت پر تحفظات ظاہر کر چکی ہے۔ پرواز سے قبل گردش کرنے والی تصاویر میں طیارے میں لیکیج، پینل گیپ اور پیداواری نقائص واضح تھے، اس کے باوجود تشہیری مقاصد کے لیے اسے اڑا دیا گیا۔

بھارتی ایئر چیف امر پریت سنگھ کے چند ماہ قبل دیے گئے بیان نے بھی اس حادثے کے بعد نیا زور پکڑ لیا کہ بھارت میں آج تک کوئی دفاعی منصوبہ وقت پر مکمل نہیں ہوا اور معاہدے کے دستخط کے وقت ہی یہ معلوم ہوتا ہے کہ منصوبے میں تاخیر ناگزیر ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button