
خلیج اردو
ابوظہبی: جین برکن کا مشہور ہیرمز بیگ 5 دسمبر کو ابوظہبی میں نیلام کیا جائے گا، جس کی ممکنہ قیمت 2 لاکھ 30 ہزار سے 4 لاکھ 30 ہزار ڈالر کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ یہ اعلان سوتھبیز نے کیا ہے۔
اس بیگ کو "برکن وویاژر” کا نام دیا گیا ہے، جو جین برکن کو 2003 میں ہیرمز کمپنی نے تحفے میں دیا تھا۔ یہ ان چار بیگز میں سے ایک ہے جو اداکارہ کے پاس اس وقت تھے جب انہوں نے اپنا پہلا بیگ 1994 میں ایڈز فلاحی ادارے کے لیے نیلام کیا تھا۔
یہ بیگ 2007 میں ایک انسانی حقوق کی تنظیم کی مدد کے لیے دوبارہ نیلام کیا گیا اور بعد ازاں ایک نجی کلیکشن کا حصہ بن گیا۔ سوتھبیز کے مطابق، جین برکن اپنے بیگز فلاحی مقاصد کے لیے فروخت کرتی تھیں اور ہر بار ہیرمز انہیں نیا بیگ تحفے میں دیتا تھا۔
جولائی میں پیرس میں جین برکن کا پہلا کسٹم میڈ بیگ 86 لاکھ یورو (10.1 ملین ڈالر) میں فروخت ہوا، جو دنیا کا سب سے مہنگا نیلام شدہ بیگ قرار پایا۔
سوتھبیز کی گلوبل ہیڈ مورگان ہلیمی نے کہا کہ ایک ہی سال میں جین برکن کے دو ذاتی ہیرمز بیگز کا نیلام ہونا تاریخی موقع ہے۔
"برکن وویاژر” بیگ کی خاص بات اس کے اندر اداکارہ کا اپنے ہاتھ سے لکھا فرانسیسی جملہ ہے: "میرا برکن بیگ، میرا سفر کا ساتھی”۔ یہ بیگ 2 سے 5 دسمبر تک ابوظہبی میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔







