
خلیج اردو
دبئی: کویت کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ عارضی یا وزٹ ویزہ پر آنے والے افراد اب ملک کے سرکاری اسپتالوں، اسپیشلٹی سینٹرز یا پرائمری ہیلتھ کلینکس میں علاج کی سہولیات حاصل نہیں کر سکیں گے۔
وزارت صحت کے مطابق یہ فیصلہ قومی ہیلتھ سسٹم کے تحت پہلے سے موجود شہریوں اور مقیم افراد کے لیے وسائل محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ حکم وزیر صحت ڈاکٹر احمد الاوعظی کی جانب سے جاری کیا گیا۔ وزارت نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کویت کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی پائیداری کو یقینی بنانا، سروس کے معیار کو برقرار رکھنا اور طبی وسائل کو ان لوگوں تک پہنچانا ہے جو اس کے سب سے زیادہ مستحق ہیں۔
وزارت کے بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تبدیلی "جامع ہیلتھ وژن” کا حصہ ہے، جس کے تحت آپریشنل استعداد اور منصفانہ رسائی کے درمیان توازن قائم کیا جا رہا ہے۔ اس پالیسی سے مریضوں کی اطمینان میں اضافہ ہوگا کیونکہ اسپتالوں میں غیر ضروری رش کم ہوگا اور سہولیات پر دباؤ گھٹے گا۔
علاوہ ازیں، ڈاکٹر احمد الاوعظی نے جمعرات کو الاحمدی گورنری کے رہائشیوں اور نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں الاحمدی ہیلتھ ڈسٹرکٹ کو ایک مکمل میڈیکل سٹی میں تبدیل کرنے کی تجویز اور صباح الاحمد میڈیکل سٹی منصوبے کی تازہ پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔






