
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے سرحدی علاقے السلع اور مدینہ زاید سمیت متعدد علاقوں کے رہائشیوں نے اتحاد ریل کے نئے مسافر اسٹیشنوں کے اعلان کو ملک کے دیگر شہروں سے بہتر رابطے کی جانب ایک بڑے قدم کے طور پر سراہا ہے۔ ان دور دراز علاقوں کے رہائشی برسوں سے طویل سفر، وقت کے ضیاع اور آمد ورفت کی مشکلات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔
السّلع کی رہائشی سلمیٰ المنصوری کا کہنا ہے کہ یہاں رہتے ہوئے کسی بھی شہر میں جانے کے لیے لمبے ڈرائیونگ ٹرِپس کرنا پڑتے ہیں، مسافر ٹرین کی سہولت خاندانوں اور بزرگ شہریوں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہوگی، جو طویل فاصلے تک ڈرائیونگ سے گریز کرتے ہیں۔
اتحاد ریل کی جانب سے حال ہی میں سات نئے اسٹیشنوں کا اعلان کیا گیا ہے جو ملک کے قومی مسافر نیٹ ورک کو مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس پیش رفت کے بعد مسافر سروس کی متوقع لانچنگ کے لیے پیش رفت مزید تیز ہو گئی ہے۔
نئے اسٹیشنوں کے ذریعے ابوظہبی کے الظفرہ ریجن اور امارتِ شارجہ کے مختلف علاقوں کو ریلوے نیٹ ورک سے جوڑا جائے گا جس سے دور افتادہ اور نیم شہری علاقے بڑے شہری مراکز سے منسلک ہوں گے۔ یہ نیٹ ورک مسافروں کو ملک کے اندرونی علاقوں سے گزرتے ہوئے سنہری ریگستانی ٹیلوں سے لے کر ہجر پہاڑوں کے خوبصورت مناظر تک کا سفر فراہم کرے گا۔
مدینہ زاید کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مقامی اسٹیشن روزگار، تعلیم اور روزمرہ سفر میں اہم کردار ادا کرے گا۔ میّام المزروعی کے مطابق مدینہ زاید گرد و نواح کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے، یہاں مسافر اسٹیشن طلبہ اور ملازمین کے لیے سفری سہولت کو انتہائی آسان بنا دے گا۔
رہائشیوں نے ریلوے منصوبے کے وسیع تر فوائد جیسے ٹریفک میں کمی، سڑکوں پر حادثات میں ممکنہ کمی اور محفوظ سفر کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ طویل ڈرائیونگ ذہنی و جسمانی تھکن کا باعث بنتی ہے جبکہ قابل اعتماد ٹرین آپشن سفر کے انداز کو بدل دے گا۔
اگرچہ مکمل آپریشنل تفصیلات، کرایوں اور شیڈول کا اعلان ابھی باقی ہے، تاہم السّلع اور مدینہ زاید کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ متوقع ٹائم لائن سامنے آنے کے بعد توقعات میں اضافہ ہوا ہے اور اب لگتا ہے کہ یہ منصوبہ واقعی روزمرہ زندگی کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔
نئے اعلان کردہ اسٹیشنوں میں الدنہ، المرفہ، مزیرع، الفایہ اور الذید شامل ہیں جبکہ اس سے قبل ابوظہبی کے محمد بن زاید سٹی، دبئی کے جمیرہ گالف اسٹیٹس، شارجہ کی یونیورسٹی سٹی اور فجیرہ کے الهلال علاقے میں اسٹیشنوں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
یہ منصوبہ ملکی رابطہ، علاقائی ترقی اور محفوظ سفری سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔







