
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کے 54ویں یوم الاتحاد کے موقع پر دبئی میں داخل ہونے والے مسافروں کو منفرد انداز میں خوش آمدید کہا گیا، جہاں ان کے پاسپورٹس پر "زاید اور راشد” کے نام سے خصوصی یادگاری اسٹیمپ لگایا گیا۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی نے قومی ماہ کی تقریبات کے سلسلے میں یہ خصوصی اسٹیمپ متعارف کرایا۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ایئرپورٹس پر موجود خوشگوار مزاج کے ماسکوٹس نے خاندانوں اور مسافروں کا استقبال کیا، جس سے امیگریشن کا مرحلہ مزید خوشگوار بن گیا۔ یہ اقدام نہ صرف عید الاتحاد کی خوشی کو بڑھاتا ہے بلکہ آنے والے مہمانوں کے لیے یادگار لمحہ بھی بنتا ہے۔
"زاید اور راشد” مہم کے تحت جاری اس یادگاری اسٹیمپ میں بانیانِ امارات شیخ زاید بن سلطان آل نہیان اور شیخ راشد بن سعید آل مکتوم کا سادہ مگر مؤثر خاکہ شامل ہے، جو اتحاد، مضبوط بنیادوں اور قومی اقدار کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ مہم مسلسل دوسرے سال جاری ہے اور اس کا مقصد ابتدائی دورِ اتحاد کی روح کو اجاگر کرنا ہے۔
جی ڈی آر ایف اے اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر خصوصی اسٹیمپ کے ذریعے مسافروں کا استقبال کرتی رہی ہے، جن میں دبئی ایئرشو اور گلوبل ولیج کے 30ویں سیزن کی افتتاحی تقریب شامل ہیں۔







