
خلیج اردو
دوحہ: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے سفارتی اور بات چیت پر مبنی راستے کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
شیخ محمد بن زاید نے قطر کی حالیہ صورتحال پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات قطر اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور قطر کی سلامتی و تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے یو اے ای صدر کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے حالیہ واقعات کے تناظر میں قطر کے ساتھ کھڑے ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی بات کی۔ یو اے ای صدر نے ایران اسرائیل جنگ بندی کے معاہدے میں امیر قطر کی کوششوں کو سراہا اور خطے کے امن و استحکام کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کی دوحہ آمد پر شیخ تمیم بن حمد نے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں ملاقات میں یو اے ای کے وفد کے ارکان، جن میں دبئی کے ولی عہد اور وزیر دفاع شیخ حمدان، صدارتی امور کے نائب چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید، اور صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون شامل تھے، نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے بعد یو اے ای صدر نے قطر سے روانگی اختیار کی، جہاں انہیں امیر قطر اور دیگر اعلیٰ حکام نے الوداع کہا۔







