
خلیج اردو|
ایپل رواں ماہ اپنا نیا بجٹ آئی فون آئی فون 17e متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، سپلائی چین لیکس اور رپورٹس کے مطابق یہ فون فروری 2026 میں لانچ ہو سکتا ہے۔
ایپل نے 2025 کے آخر میں آئی فون 17، 17 پرو، 17 پرو میکس اور آئی فون ایئر پیش کیے تھے، تاہم آئی فون 17e کی عدم موجودگی سے بجٹ صارفین انتظار میں تھے۔
ایپل نے فروری 2025 میں آئی فون 16e لانچ کیا تھا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کمپنی اب سالانہ “e سیریز” کے شیڈول پر عمل کر رہی ہے، اسی بنیاد پر آئی فون 17e کی فروری لانچ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی فون 17e میں A19 چِپ دی جا سکتی ہے، جو آئی فون 17 میں بھی استعمال ہو رہی ہے، تاہم جی پی یو کور ایک کم ہو سکتا ہے۔ اے آئی فیچرز میں کارکردگی بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ڈیزائن میں بھی تبدیلی متوقع ہے، رپورٹ کے مطابق نوچ کی جگہ ڈائنامک آئی لینڈ دی جا سکتی ہے، جبکہ فرنٹ کیمرا 18 میگا پکسل اسکوائر سینسر کے ساتھ آ سکتا ہے۔ اسٹوریج 128 جی بی کے بجائے 256 جی بی بطور ڈیفالٹ دیے جانے کا امکان ہے۔
آئی فون 17e میں میگ سیف سپورٹ شامل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جس کے تحت 25 واٹ وائرلیس چارجنگ مل سکتی ہے۔ کنیکٹیوٹی کے لیے C1 موڈیم کی جگہ نیا C1X موڈیم متوقع ہے۔
قیمت کے حوالے سے رپورٹس کا کہنا ہے کہ آئی فون 17e کی ابتدائی قیمت 599 ڈالر ہو سکتی ہے، جو گزشتہ ماڈل کے برابر ہے۔
یو اے ای میں آئی فون 16e 2,599 درہم میں لانچ ہوا تھا، اسی قیمت پر اپ گریڈڈ آئی فون 17e کی آمد اسے بجٹ صارفین کے لیے ایک پرکشش انتخاب بنا سکتی ہے۔







