متحدہ عرب امارات

دبئی میں کرایہ داری کا نیا ریکارڈ، جون میں 40 ہزار سے زائد رینٹل معاہدے رجسٹر

خلیج اردو
دبئی میں جون کے دوران کرایہ داری کی مارکیٹ نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا، جہاں نئے رہائشیوں اور موجودہ کرایہ داروں کی جانب سے لیز کی تجدید کے باعث رینٹل معاہدوں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

فیم پراپرٹیز کی مارکیٹ رپورٹ کے مطابق جون میں 40 ہزار 22 رینٹل معاہدے رجسٹر کیے گئے، جو کسی بھی ایک ماہ میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نئے رینٹل معاہدوں کی تعداد سالانہ بنیاد پر 48.6 فیصد اضافے کے ساتھ 19 ہزار 245 تک پہنچ گئی، جبکہ لیز کی تجدید کے معاہدے 28.5 فیصد بڑھ کر 20 ہزار 777 ریکارڈ کیے گئے۔

فیم پراپرٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فراس المسعدی کے مطابق دبئی کی رینٹل مارکیٹ میں صرف کرایہ داروں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی نہیں بلکہ نئے رہائشیوں کی آمد اور موجودہ رہائشیوں کے طویل مدتی قیام دونوں رجحانات بیک وقت دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے باوجود دبئی کی مضبوط معیشت، استحکام اور تیزی سے بحالی نے سرمایہ کاروں اور رہائشیوں کا اعتماد مزید بڑھایا ہے، جبکہ نئے رہائشی منصوبوں کی تکمیل سے کرایوں کی قیمتیں بھی نسبتاً متوازن ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق طویل مدتی سالانہ لیز کا رجحان اب الٹرا لگژری رہائشی شعبے تک بھی پہنچ چکا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران البراری میں دو لگژری ولاز دو، دو سالہ معاہدوں پر لیز کیے گئے، جن میں ایک ولا 1 کروڑ 40 لاکھ درہم اور دوسرا 72 لاکھ درہم میں دو سال کے لیے کرائے پر دیا گیا۔

فراس المسعدی کا کہنا ہے کہ بہت سے مالکان اب اپنی لگژری جائیدادیں فروخت کرنے کے بجائے طویل مدتی کرائے پر دینے کو ترجیح دے رہے ہیں، کیونکہ انہیں دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ کی مستقبل کی ترقی پر بھرپور اعتماد ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button