دبئی:(خلیج اردو) دبئی کی عدالت نے چار افراد کو ڈکیتی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ثابت ہونے پر سزا سنا دی۔
چار ایشیائی باشندوں پر 167000 درہم مالیت کے فیس ماسک اور خشک میوہ جات چوری کرنے کا الزام تھا۔
خلیج ٹائمز کی خبر کے مطابق ان چار افراد جن کی عمریں 23 سال اور 41 سال کے درمیان ہیں نے ایک گودام سے گھس کر لاکھوں درہم مالیت کے فیس ماسک اور خشک میوہ جات چرائے اور گودام کے باہر کھڑی بس کا شیشہ بھی توڑ ڈالا۔
عدالت نے قرار دیا کہ یہ افراد ڈکیتی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں 6 ماہ جیل اور ہر ایک کو 167386 درہم کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
ڈکیتی کرنے کی وردات کا تعاقب نگرانی کرنے والے کیمرہ سے کیا گیا۔ پولیس کے مطابق انہیں امارات کے انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کیا گیا۔
کمپنی کے عراقی مالک نے بتایا کہ وردات کا انہیں 7 جون کو صبح 8 بجے اس وقت پتہ چلا جب انہوں نے دیکھا کہ تالہ توڑ دیا گیا ہے اور بس بھی پارکنگ کی جگہ سے ہٹائی گئی ہے۔ جس کے بعد متائثرہ شخص نے پولیس کو اطلاع کر دی۔






