
خلیج اردو
دبئی: شہر کی مقبول ترین تفریحی مقامات میں شمار ہونے والا دبئی فاؤنٹین پانچ ماہ کی مرمت اور ری ڈویلپمنٹ کے بعد بدھ کی شام دوبارہ کھل گیا، جس کے پہلے شو کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں رہائشیوں اور سیاحوں نے دبئی مال کا رخ کیا۔
شام 6 بج کر 30 منٹ پر فاؤنٹین کے پہلے شو نے ماحول کو مزید جاذبِ نظر بنا دیا۔ لوگ دوپہر 4 بجے ہی دبئی مال کے کنارے جمع ہونا شروع ہوگئے تھے تاکہ بہتر جگہ سے شو کا نظارہ کرسکیں۔ دبئی پولیس اہلکار سائیکلوں پر گشت کرتے رہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ہجوم کو منظم رکھا۔
پیرُو سے آئے بزرگ سیاحوں کا گروپ بھی خوش قسمت نکلا جو فاؤنٹین کی ری اوپننگ کے پہلے شو کا حصہ بنا۔ دبئی میں مقیم سما خالد کا کہنا تھا کہ اہلِ خانہ کے ساتھ فاؤنٹین کا دوبارہ کھلنا ایک خاص لمحہ تھا۔
کئی افراد نے طویل انتظار کے بعد شو کو مزید یادگار قرار دیا، جبکہ کچھ زائرین نے ایک بار کے بجائے کئی بار شو دیکھنے کو ترجیح دی۔ امَر ابو نائل کے مطابق، "ہر شو موسیقی اور روشنیوں کے امتزاج سے کچھ مختلف لگتا ہے، ایک بار دیکھنا کافی نہیں۔”
ریسٹورنٹس اور کیفیز نے بھی خوشی کا اظہار کیا جنہیں دبئی مال کی انتظامیہ ایما ر کی جانب سے بندش کے دوران 4 ماہ کا کرایہ ریلیف ملا تھا۔ اب دوبارہ فاؤنٹین کھلنے سے ان کاروباروں میں بھی رونق لوٹ آئی ہے۔







