
خلیج اردو
دبئی کے رہائشی علاقے جمیرا ولیج سرکل (JVC) میں پیڈ پارکنگ کے بورڈز نصب کر دیے گئے ہیں، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ علاقے میں جلد ہی باقاعدہ پیڈ پارکنگ کا آغاز ہو جائے گا۔
خلیج ٹائمز کے مشاہدے کے مطابق جے وی سی کے مختلف حصوں، بالخصوص ڈسٹرکٹ 15 کے اطراف، ڈھکے ہوئے پیڈ پارکنگ سائن بورڈز نصب کیے جا چکے ہیں۔ پارکونک کے کال سینٹر کے مطابق بورڈز سے کورز اس وقت ہٹائے جائیں گے جب پیڈ پارکنگ کا باضابطہ آغاز ہوگا۔
پارکونک سے پیڈ پارکنگ کے نفاذ کی تاریخ اور فیس کے حوالے سے وضاحت کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
بورڈز پر درج پارکنگ زون کوڈ P105 بتایا جا رہا ہے۔ رہائشیوں کے مطابق پیر 26 جنوری سے ان بورڈز کی تنصیب دیکھی جا رہی ہے، جس کے بعد چارجز، زونز اور نفاذ کے وقت سے متعلق سوالات جنم لے رہے ہیں۔
جے وی سی کی رہائشی میریئم کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کی عمارت میں پارکنگ موجود ہے اس لیے وہ براہِ راست متاثر نہیں ہوں گی، تاہم علاقے میں موجود پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کی وجہ سے مجموعی منظر خراب ہو رہا ہے۔
“اگر پیڈ پارکنگ سے یہ مسئلہ حل ہوتا ہے تو یہ ایک مثبت قدم ہوگا،” انہوں نے کہا۔
خلیج ٹائمز نے بھی علاقے میں متعدد لاوارث گاڑیاں کھڑی ہونے کا مشاہدہ کیا۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ جے وی سی میں کیفے، جم، پائلیٹس اسٹوڈیوز اور سیلونز کی کثرت کے باعث تجارتی علاقوں کے قریب پارکنگ کا دباؤ رہتا ہے۔ میریئم کے مطابق طویل عرصے تک کھڑی گاڑیاں محدود پارکنگ اسپیس پر قابض رہتی ہیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایک اور رہائشی حمید منتصر نے بتایا کہ انہوں نے پارکنگ فیس ادا کرنے کی کوشش کی لیکن زون کوڈ غلط ظاہر ہوا، تاہم اس کے باوجود وہ اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔
“واضح قوانین سے پارکنگ کی دستیابی بہتر ہو سکتی ہے،” ان کا کہنا تھا۔
رہائشی حسن کے مطابق پیڈ پارکنگ سے مہمانوں کے لیے سہولت پیدا ہوگی۔
“اکثر میرے دوستوں کو قریب پارکنگ نہیں ملتی اور انہیں دور گاڑی کھڑی کر کے ٹیکسی لینی پڑتی ہے،” انہوں نے کہا۔
تاحال جے وی سی میں پارکنگ فیس، اوقات کار اور جرمانوں سے متعلق کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ رہائشیوں کو امید ہے کہ پارکنگ میٹرز کی تنصیب کے بعد مزید وضاحت سامنے آئے گی۔
مبصرین کے مطابق اگر پیڈ پارکنگ کو مؤثر انداز میں نافذ کیا گیا تو یہ جمیرا ولیج سرکل میں ٹریفک دباؤ اور پارکنگ مسائل کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔







