
خلیج اردو
دبئی: میدان جنگ کے بعد کھیل کے میدان میں بھی پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی اور انڈر19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا۔ شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کو 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 156 رنز پر ڈھیر کر کے دھول چٹا دی۔ بیٹرز کے بعد باؤلرز نے بھی بہترین کھیل پیش کیا، جس میں 6 بھارتی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکے۔ بھارتی سکور میں ویبھَو سوریاونشی 26، ایرون جیورج 16، ابھی گیان 13، ویدنت 9، وہان 7 اور ایوش 2 رنز بنا سکے۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 347 رنز بنائے، جس میں سمیر منہاس کی جارحانہ سنچری شامل تھی۔ احمد حسین نے 56 اور عثمان خان نے 35 رنز اسکور کیے۔ محمد صیام 13، نقاب شفیق 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر سکوررز میں فرحان یوسف 19، حمزہ ظہور 18، محمد شایان 7، عبدالصبحان 2 اور حذیفہ احسن صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بھارتی باؤلرز میں دپیش نے 3، ہینل پٹیل اور کھلیان پٹیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے اس طرح دوسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا، جبکہ 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ فاتح تھے کیونکہ فائنل ٹائی ہوا تھا۔ جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں جشن منایا اور سجدہ شکر ادا کیا۔







