
خلیج اردو
18 اپریل 2021
دبئی : پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوار کے روز دبئی ایکسپو 2020 سائٹ کے ساتھ ساتھ پاکستانی پویلین کا بھی دورہ کیا۔
ان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود ، قونصل جنرل احمد امجد علی اور سفارتخانہ کے دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ امارات کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہفتے کے روز دبئی پہنچے ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون ، پاکستانی افرادی قوت کیلئے ملازمت کے مواقع اور پاکستانی رہائشیوں کی فلاح و بہبود پر مشاورت کریں گے۔ وہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ متحدہ عرب امارات میں بیرون ملک دوسری بڑی پاکستانی کمیونٹی ہے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ایکسپو میں پاکستانی پویلین کی موجودگی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین کئی دہائیوں سے دوستی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی یو اے ای کی ترقی میں تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایکسپو 2020 میں پاکستان کی شرکت ہمارے بڑھتے ہوئے باہمی معاشی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں ۔
Source : Khaleej Times