عالمی خبریں

ایران امن مذاکرات جاری رکھنے کیلئے تیار، یورپی یونین سے مؤثر سفارتی کردار کا مطالبہ، فرانس، عمان اور روس سے اہم رابطے

خلیج اردو
ایران نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور یورپی یونین سے امریکا کے ساتھ تنازع کے حل میں تعمیری سفارتی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ٹیلیفونک گفتگو میں یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی میں فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ دھمکیوں اور فوجی دباؤ پر مبنی پالیسیاں مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدہ بنا دیتی ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی پالیسیوں نے مسائل میں اضافہ کیا ہے، جبکہ یورپ اگر مثبت کردار ادا کرے تو خطے میں کشیدگی کم کی جا سکتی ہے اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں جنگ بندی اور علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام علاقائی ممالک کے تعاون سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

عمانی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں جلد امن اور استحکام بحال ہوگا۔

اسی سلسلے میں روسی وزیر خارجہ نے بھی ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں جنگ بندی کی صورتحال اور مذاکرات کے تسلسل پر زور دیا گیا۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ تنازع کے بنیادی اسباب کے حل کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنا ناگزیر ہے اور کسی بھی صورت دوبارہ تصادم سے گریز کیا جانا چاہیے۔

یہ سفارتی روابط اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عالمی اور علاقائی طاقتیں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات کو ہی واحد مؤثر راستہ سمجھتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button