
خلیج اردو
لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے بعد ایک اور تنازع کھڑا ہوگیا۔ قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو متنازع فیصلے کے تحت آؤٹ قرار دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تھرڈ امپائر نے بھارت کیخلاف میچ میں فخر زمان کے آؤٹ کا فیصلہ تمام زاویوں سے دیکھے بغیر سنایا۔ منیجر نے اپنے تحفظات میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو بھی آگاہ کیے جبکہ میچ رپورٹ میں بھی اس متنازع فیصلے کو نمایاں کیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجے گئے ای میل میں کہا گیا کہ ٹی وی امپائر نے دستیاب تمام اینگلز کو چیک نہیں کیا اور فیصلہ غیر شفاف رہا۔ قومی ٹیم نے ٹی وی امپائر کیخلاف انکوائری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
میچ کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا، ہمیں لگا گیند زمین پر لگی مگر فیصلہ امپائر کا ہی ہوتا ہے۔ سابق کپتان راشد لطیف نے بھی اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ امپائر نے شک کا فائدہ بولر کو دیا اور مزید زاویوں سے ری پلے چیک نہیں کیے۔







