
خلیج اردو
دبئی میں عوامی پیڈ پارکنگ کی سب سے بڑی فراہم کنندہ کمپنی Parkin نے پارکنگ ٹیرف اور سیزنل کارڈ اسٹرکچر میں ردوبدل کیلئے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کو باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے۔
کمپنی کے مطابق فروری 2026 کے وسط میں جمع کرائی گئی اس درخواست میں مختلف ایسی تجاویز شامل ہیں جن کی منظوری کی صورت میں عوامی پارکنگ کے ویٹڈ ایوریج ٹیرف میں اضافہ متوقع ہے۔ ان تجاویز میں سیزنل کارڈ اسٹرکچر اور ٹیرف میں تبدیلیاں شامل ہیں تاکہ موجودہ قیمتوں میں فرق کو کم کیا جا سکے اور رواں سال متعارف کروائے گئے ویری ایبل پرائسنگ سسٹم سے ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
یہ بیان دبئی فنانشل مارکیٹ میں جمع کرائے گئے پریس اسٹیٹمنٹ میں جاری کیا گیا جہاں کمپنی لسٹڈ ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تجاویز کے باوجود موجودہ ڈسکاؤنٹ فریم ورک برقرار رکھا جائے گا تاکہ صارفین، کمپنی اور RTA کے درمیان طویل المدتی توازن قائم رہے۔
واضح رہے کہ 2025 کی تیسری سہ ماہی میں دبئی میں پیڈ پارکنگ کی اوسط فی گھنٹہ لاگت میں سالانہ بنیاد پر 51 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد ویٹڈ ایوریج فی گھنٹہ ٹیرف جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران 2.01 درہم سے بڑھ کر 3.03 درہم ہو گیا تھا۔ اپریل 2025 میں Parkin نے دبئی بھر میں نیا ویری ایبل پارکنگ ٹیرف متعارف کرایا تھا۔
کمپنی کے مطابق RTA نے تجاویز موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے اور تفصیلی جائزے کے بعد حتمی منظوری کیلئے معاملہ ایگزیکٹو کونسل آف دبئی کو بھجوایا جائے گا۔
2026 کے تخمینے کے مطابق کمپنی عوامی پارکنگ کے دائرہ کار میں مزید 5,500 سے 7,500 نئی پارکنگ اسپیسز شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ اس شعبے سے آمدن 2025 کے 524.5 ملین درہم کے مقابلے میں بڑھ کر 560 سے 610 ملین درہم تک پہنچنے کی توقع ہے۔ کمپنی نے 2025 میں 625.5 ملین درہم خالص منافع رپورٹ کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 48 فیصد زیادہ ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مجوزہ تبدیلیاں دبئی میں پارکنگ کے نرخوں اور صارفین کے اخراجات پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔







