
خلیج اردو
دبئی:رمضان 2025: متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے ملازمین کے لیے ورکنگ آورز میں کمی کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے رمضان المبارک کے دوران نجی شعبے کے ملازمین کے لیے کام کے اوقات میں دو گھنٹے کی کمی کا اعلان کر دیا۔ وزارت انسانی وسائل اور اماراتی کاری موہری کے مطابق، پورے ملک میں نجی شعبے کے ملازمین کی یومیہ ڈیوٹی دو گھنٹے کم کر دی جائے گی۔
وزارت نے مزید کہا کہ نجی کمپنیاں اپنے کام کی نوعیت اور مفادات کے مطابق ملازمین کے لیے لچکدار اوقات کار یا ریموٹ ورک کی سہولت فراہم کر سکتی ہیں، بشرطیکہ وہ رمضان کے دوران مقرر کردہ یومیہ کام کے اوقات کی حدود میں رہیں۔
اس سے قبل فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز نے سرکاری ملازمین کے لیے نئے اوقات کار کا اعلان کیا تھا۔جس کے مطابق پیر سے جمعرات تک دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک ہوں گے۔جمعہ کو کام کا آغاز صبح 9 بجے ہوگا اور دوپہر 12 بجے اختتام پذیر ہوگا۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے مطابق، یکم مارچ 2025، بروز ہفتہ دنیا بھر میں زیادہ تر مسلمان روزہ رکھنے کا آغاز کریں گے، کیونکہ رمضان کا چاند اس سے ایک رات قبل با آسانی دیکھا جا سکے گا۔
چاند کی رویت کے مطابق اسلامی مہینے 29 یا 30 دن کے ہوتے ہیں۔ 28 فروری کو شعبان کی 29ویں تاریخ کے موقع پر چاند دیکھنے والی سرکاری کمیٹیاں اجلاس منعقد کریں گی، جس میں رمضان کے باضابطہ آغاز کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اگر چاند اسی روز نظر آ گیا تو رمضان کا آغاز اگلے دن سے ہوگا۔






