خلیج اردو
اسلام آباد:سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج قاضی فائزعیسٰی اور جسٹس طارق مسعود نے سپریم جوڈیشل کونسل کے ارکان کو خط لکھ کر جسٹس مظاہر نقوی پر لگائے گئے الزامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس! ہم انتظار کررہے ہیں آپ کب جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلاتے ہیں؟ اجلاس بلا کر تعین کیا جائے جسٹس مظاہر نقوی پر الزامات درست ہیں یا غلط، اگر الزامات غلط ہیں توجج کی عزت بحال کی جائے۔
اگر الزامات درست ہیں تو آئین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ جج کو الزامات کے سائے میں رکھنے سے جج اور عدلیہ کی عزت پر حرف آ رہا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک کے معاملے پر سپریم کورٹ کے جج مظاہر نقوی کے خلاف بلوچستان بار کونسل سمیت دیگر نے ریفرنسز دائر کر رکھے ہیں۔
جوڈیشل کونسل کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان جبکہ جسٹس احمد علی شیخ، جسٹس امیر محمد بھٹی ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود کونسل کے رکن ہیں۔