خلیج اردو: دبئی میں ایک گاڑی کی رجسٹریشن ، نمبر پلیٹ ڈیڑھ کروڑ ڈالر (چارارب 18کروڑ روپے ) میں نیلام کی گئی ہے۔
سات نمبر کی یہ پلیٹ ماہ رمضان کے دوران مستحقین کو خوراک فراہم کرنے کے لیے دو کروڑ 60 لاکھ ڈالر عطیہ اکھٹا کرنے کی مہم کے تحت فروخت کی گئی، یہی نہیں بلکہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کے علاوہ ہفتے کی شب دبئی میں ایک چیریٹی نیلامی کے دوران منفرد موبائل نمبرز بھی فروخت کئے گئے جس کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ’ون بلین میلز انڈوومنٹ‘ پروگرام کے لیے نصف ارب کا سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔
اماراتی تاجر سعید خوری کے قائم کردہ سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے سات نمبر کی یہ رجسٹریشن نمبر پلیٹ متحدہ عرب امارات میں سب سے مہنگا نمبر بن گیا۔
سعید خوری نے 2008 میں ایک چیریٹی نیلامی میں ابوظہبی کی ایک نمبر والی پلیٹ کے لیے ایک کروڑ 42 لاکھ ڈالر ادا کیے تھے۔
ایمریٹس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رمضان مہم میں نصف ہدف کو اس وقت پورا کر لیا گیا جب 87 ہزار سے زیادہ اہم شراکت داروں نے 14 کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا۔
متحدہ عرب امارات کے خیراتی فنڈ کا مقصد ایک ارب
امارتی درھم اکٹھا کرنا ہے جس کے تحت ایک درھم سے ایک کھانا فراہم کیا جائے گا۔