
خلیج اردو
غزہ میں اسرائیل کی جارحیت بدستور جاری ہے اور تازہ ترین فضائی حملوں میں مزید 28 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسز نے الزیتون، خان یونس اور شجاعیہ کے علاقوں میں موجود ان بے گھر فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جو جنگ سے بچنے کے لیے پناہ گاہوں میں رہائش اختیار کیے ہوئے تھے۔ شہدا میں سب سے زیادہ تعداد خواتین اور کمسن بچوں کی ہے، جو مسلسل جاری حملوں کا سب سے بڑا نشانہ بن رہے ہیں۔
ادھر انسانی حقوق کی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے حراستی مراکز میں گزشتہ دو برس کے دوران کم از کم 94 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حراستی مراکز میں سخت ترین تشدد، غیر انسانی سلوک، طبی سہولیات کی عدم فراہمی اور مسلسل بدسلوکی کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں پیش آئیں، جن پر عالمی سطح پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق تنظیموں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان مراکز کا آزادانہ معائنہ کرایا جائے اور فلسطینی شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔







