متحدہ عرب امارات

دبئی میں ڈیلیوری موٹر سائیکلوں کے لیے سنہری فرنٹ نمبر پلیٹ متعارف

خلیج اردو
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کارپوریٹ ڈیلیوری سروسز میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکلوں اور ای بائیکس کے لیے اضافی فرنٹ نمبر پلیٹ متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے، جو اس سے قبل صرف پچھلی نمبر پلیٹ رکھتی تھیں۔ نئی فرنٹ اور ریئر نمبر پلیٹس سنہری پس منظر اور سیاہ تحریر کے ساتھ ہوں گی اور ان پر کوڈ 9 درج ہوگا۔

آر ٹی اے کے مطابق یہ نیا تقاضا دسمبر کے آخر سے نافذ العمل ہوگا اور لائسنس کی تجدید کے دوران مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا۔ یہ ضابطہ غیر تجارتی یا ذاتی موٹر سائیکلوں پر لاگو نہیں ہوگا۔ آر ٹی اے لائسنسنگ ایجنسی کے سی ای او احمد محبوب نے بتایا کہ یہ فیصلہ صرف پارسل، پیغامات اور دستاویزات کی ترسیل، آرڈر مینجمنٹ، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اسمارٹ ایپلیکیشنز کے ذریعے چلنے والی ڈیلیوری سروسز، نیز انہی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور ای بائیک رینٹل سروسز تک محدود ہے۔

احمد محبوب کے مطابق حالیہ برسوں میں ڈیلیوری سیکٹر میں طلب اور سڑکوں پر موٹر سائیکلوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضابطے کا مقصد سڑکوں کی حفاظت بہتر بنانا، ڈیلیوری آپریشنز کو مؤثر بنانا اور ٹریفک نظم و ضبط کو مضبوط کرنا ہے، جو آر ٹی اے کی اولین ترجیح یعنی سڑک استعمال کرنے والوں کے تحفظ سے ہم آہنگ ہے۔

یہ اقدام آر ٹی اے اور دبئی پولیس جنرل ہیڈکوارٹر کے درمیان مشترکہ حل اور اقدامات کے پیکج کا حصہ ہے۔ اس سے قبل دبئی پولیس کے اشتراک سے آر ٹی اے نے تیز رفتار سڑکوں پر ڈیلیوری موٹر سائیکلوں کی آمدورفت کو منظم کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا، جس کے تحت پانچ یا اس سے زائد لین والی سڑکوں پر ڈیلیوری رائیڈرز کو دو تیز رفتار لینز استعمال کرنے کی اجازت نہیں، جبکہ تین یا چار لین والی سڑکوں پر بائیں جانب کی لین کے استعمال پر پابندی ہے۔ دو یا اس سے کم لین والی سڑکوں پر ڈیلیوری رائیڈرز تمام لینز استعمال کر سکتے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button