
خلیج اردو
دبئی: دبئی کی واحد ٹول گیٹ آپریٹر سلیک کمپنی نے 2025 کی پہلی 9 ماہ کی مدت کے دوران 1.14 ارب درہم خالص منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 39.1 فیصد زیادہ ہے۔ کمپنی کی آمدنی میں یہ اضافہ زیادہ ٹول فیس، جرمانوں اور نئے ٹیگ ایکٹیویشنز کی بدولت ممکن ہوا۔
سلیک کی مجموعی آمدنی 9 ماہ میں 38.6 فیصد اضافے کے ساتھ 2.275 ارب درہم تک جا پہنچی، جب کہ ایبی ٹا (EBITDA) میں 42 فیصد اضافہ ہوا جو 1.58 ارب درہم تک رہا۔ کمپنی کا ایبی ٹا مارجن 69.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سلیک کے چارج ایبل ٹرپس 2025 کے ابتدائی 9 ماہ میں 470.5 ملین تک پہنچ گئے، جن میں سے 152.2 ملین سفر صرف تیسرے سہ ماہی میں مکمل ہوئے۔
ٹول فیس کی مد میں آمدنی 41.5 فیصد بڑھ کر 2.01 ارب درہم ہو گئی، جبکہ صرف تیسری سہ ماہی میں 39.9 فیصد اضافے کے ساتھ 655.2 ملین درہم تک پہنچ گئی۔ یہ اضافہ جنوری 2025 کے آخر میں متعارف کرائے گئے نئے متغیر قیمت نظام اور دو نئے گیٹس کی آمدنی کے باعث ہوا، اگرچہ موسم گرما کی سست روی نے کچھ حد تک اثر ڈالا۔
جرمانوں سے حاصل آمدنی میں بھی 18.2 فیصد اضافہ ہوا جو 206.7 ملین درہم رہی۔ صرف تیسرے سہ ماہی میں یہ اضافہ 23.3 فیصد رہا، جب کہ 9.36 لاکھ سے زائد خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔
سلیک کے چیئرمین مطر الطایر نے کہا کہ "کمپنی کی کارکردگی دبئی کی معاشی ترقی، پائیدار کاروباری ماحول اور مضبوط آپریشنل بنیادوں کی عکاس ہے۔”
سی ای او ابراہیم سلطان الحداد نے کہا کہ "ہماری بنیادی ٹولنگ سرگرمیاں شاندار کارکردگی دکھا رہی ہیں، جبکہ ڈیجیٹل شراکت داریوں کے باعث اضافی آمدنی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ "ایمار مالز، پارکونک اور لیوا گروپ کے ساتھ تعاون نے سلیک کو جدید، پائیدار اور اسمارٹ موبیلیٹی کے میدان میں ایک نمایاں مقام فراہم کیا ہے۔







