
خلیج اردو
شارجہ کے حکمران اور سپریم کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے جمعرات کے روز دو اہم سڑکوں کے منصوبوں کی منظوری دے دی جو ملیحہ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک دباؤ کو کم کرنے میں مدد دیں گے۔
پہلا منصوبہ شارجہ رنگ روڈ کے پانچ کلومیٹر طویل حصے کی اپ گریڈیشن سے متعلق ہے، جو اتحاد ریل اسٹیشن کے قریب واقع ہے۔ 90 ملین درہم کی لاگت سے یہ منصوبہ ملیحہ روڈ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک کے بوجھ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سٹی برج کو بھی توسیع دے کر دونوں اطراف میں دو دو لینز کا اضافہ کیا جائے گا، جس سے راکان برج تک ٹریفک کنیکٹیویٹی مزید بہتر ہو گی۔
دوسرا منصوبہ شارجہ میں شہداء یادگار کے قریب ایک نئے پل کی تعمیر سے متعلق ہے۔ 60 ملین درہم کی لاگت سے بننے والا یہ پل ملیحہ روڈ سے محمد بن زاید روڈ کی جانب جانے والی گاڑیوں کے لیے براہ راست راستہ فراہم کرے گا، جبکہ شیخ خلیفہ اسٹریٹ سے آنے والی ٹریفک کو بھی ملیحہ روڈ کی جانب بہتر رسائی ملے گی۔
شارجہ میڈیا بیورو کے مطابق نئے پل کی ڈیزائننگ جدید اور خوبصورت انداز میں کی جائے گی، جو علاقے کی مجموعی دلکشی میں اضافہ کرے گی۔ بیورو نے مزید کہا کہ یہ دونوں منصوبے ٹریفک کی روانی، حفاظت اور مختلف علاقوں کے درمیان سفر کے وقت میں نمایاں کمی لائیں گے۔







