پاکستانی خبریں

UAE کے قومی دن کی تقریبات: عید الاتحاد کے جشن کی مکمل رہنمائی

خلیج اردو

متحدہ عرب امارات میں عید الاتحاد کی رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے جس کے ساتھ ہی ملک کے تمام علاقوں میں سرخ، سبز، سفید اور سیاہ رنگوں کی چمک دمک، دلکش آتش بازی اور روایتی و ثقافتی سرگرمیاں شہریوں اور رہائشیوں کے جوش و جذبے میں اضافہ کر رہی ہیں۔ یہ دن 2 دسمبر 1971 کو سات امارات کے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، جب شیخ زاید بن سلطان النہیان کی قیادت میں ایک نئی ریاست کی بنیاد رکھی گئی تھی، جو آج ترقی، امن اور جدت کی علامت بن چکی ہے۔

اس سال کے قومی دن کی تقریبات ’’یونائیٹڈ‘‘ کے عنوان سے منائی جا رہی ہیں، جس کے تحت پورے ملک میں نوجوانوں، خاندانوں اور کمیونٹیز کے لیے خصوصی سرگرمیوں اور پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سرکاری ویب سائٹ پر موجود ’سیلیبریشن گائیڈز‘ عوام کو مختلف امارات میں ہونے والی تقریبات، سرگرمیوں اور خصوصی پروگراموں کے بارے میں آگاہ کرتی ہیں جبکہ یوٹیوب پر عید الاتحاد کی خصوصی پلے لسٹ بھی جاری کی گئی ہے۔

2 دسمبر کو تمام امارات میں مرکزی تقاریب براہ راست دکھائی جائیں گی۔ دبئی میں الخوانیج، گلوبل ویلج اور دبئی فیسٹیول سٹی مال میں شہریوں کو سرکاری تقریب دیکھنے اور جشن منانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پریڈز کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا، جن میں راس الخیمہ کے القواسم کورنیچ پر میری ٹائم پریڈ اور دبئی میں سٹی واک پر عید الاتحاد 54 پریڈ شامل ہیں، جہاں دبئی پولیس مارچنگ بینڈ، گھڑ سوار اہلکار اور کمیونٹی کے افراد شرکت کریں گے۔ شارجہ کے علاقے البطائح اور الذید میں بھی 26 سے 30 نومبر تک روایتی پریڈز، ثقافتی بازار اور تحائف کی تقسیم کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

تقریبات کے دوران مختلف مقامات پر براہ راست میوزیکل شوز بھی ہوں گے۔ 2 دسمبر کو دبئی فیسٹیول سٹی مال کے فیسٹیول بے میں معروف گلوکارہ بلقیس پرفارم کریں گی جبکہ سٹی واک میں یکم اور 2 دسمبر کو ڈیانا حداد اور شمّا حمدان کے مفت کنسرٹس بھی ہوں گے۔

یہ دن متحدہ عرب امارات کے اتحاد، ثقافت، ورثے اور ترقی کا شاندار اظہار ہے جس میں ہر اماراتی اور رہائشی والہانہ طریقے سے شریک ہوتا ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button