متحدہ عرب امارات

شارجہ: رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 5 افراد جاں بحق، 6 زخمی

خلیج اردو
شارجہ: شارجہ کے النہدہ علاقے میں اتوار کی صبح ایک بلند و بالا رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار افراد وہ شامل ہیں جو مبینہ طور پر آگ سے بچنے کی کوشش میں عمارت سے نیچے گر کر جان کی بازی ہار گئے، جب کہ ایک پاکستانی شہری، جو چالیس کی دہائی میں تھا، دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوا۔

آتشزدگی عمارت کی 44 ویں منزل پر بھڑکی، جس سے ایک رہائشی دھویں سے متاثر ہوا جبکہ دیگر چھ زخمیوں کو القاسمی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ فائر بریگیڈ کی فوری کارروائی کے باوجود چار افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں عمارت کے نیچے سے ملیں۔

شارجہ سول ڈیفنس کے مطابق آگ کی اطلاع صبح 11 بج کر 30 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد مختلف اسٹیشنز سے فائر فائٹنگ یونٹس جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے، جنہوں نے رہائشیوں کو بحفاظت نکال کر آگ پر قابو پایا۔ شام 7 بجے کولنگ کا عمل مکمل کر کے مقام پولیس کے حوالے کر دیا گیا، جب کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واقعے کے وقت عمارت سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے علاقہ سیل کر دیا گیا۔ خلیج ٹائمز کی ٹیم نے جب جائے وقوعہ کا دورہ کیا تو وہاں متاثرہ خاندان اپنے گھروں میں واپسی کے منتظر تھے۔ شام کے وقت کچھ رہائشیوں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی، تاہم 30 ویں منزل سے اوپر کے فلیٹس تک رسائی تاحال محدود ہے۔

حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جن خاندانوں کو فوری طور پر واپسی کی اجازت نہیں ملی، ان کے لیے عارضی رہائش کا بندوبست کیا جائے گا۔ آگ کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے مقام کا مکمل معائنہ اور جانچ جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ عمارت کی بالائی دو منزلوں پر بھڑکی، جو صحارا سینٹر کے بالمقابل واقع شارجہ کی بلند ترین عمارتوں میں سے ایک ہے۔ قریبی کیفے کے ایک مالک نے بتایا کہ حکام نے فوری ردعمل دے کر رہائشیوں کو بحفاظت نکالا اور کچھ رہائشی کیفے اور ریستورانوں میں انتظار کرتے دکھائی دیے۔

مزید برآں، شارجہ کے صنعتی علاقے 15 میں واقع ایک پھل و سبزی کے گودام میں بھی آگ بھڑک اٹھی، جس پر سول ڈیفنس نے بروقت قابو پا لیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button