خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے ریگستان میں گندم کی فصل کی ہریالی نے صرف ایک ماہ کے عرصہ میں 400؍ ہیکٹر پر مشتمل اس وسیع و عریض علاقے کو نخلستان میں بدل دیا ہے۔ شارجہ کے حکمران اور سپریم کونسل کے رکن شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے اس پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح 30؍ نومبر 2022ء کو کیا تھا اور 400؍ ہیکٹر پر پھیلے ریگستانی علاقے میں گندم کی فصل اگانے کے انتظامات کیے تھے۔ گزشتہ روز شارجہ حکومت کے میڈیا بیورو نے شارجہ کے حکمران کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہیں ملیحۃ کے علاقے میں قائم کیے گئے گندم کے اس فارم کا دورہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں وسیع و عریض ریگستانی علاقے میں گندم کی ہری بھری فصل دیکھی جا سکتی ہے جس کے باعث یہ علاقہ ایک نخلستان کا منظر پیش کر رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز میں فصل کٹائی کیلئے تیار ہو جائے گی۔ خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے یعنی 2024ء تک 880؍ ہیکٹر پر فصل کاشت کی جائے گی اور 2025ء تک اسے 1400؍ ہیکٹر تک پھیلایا جائے گا۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے 13؍ میٹر پائپ لائنوں کی مدد سے فصلوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اپنے دورے کے دوران، شیخ سلطان نے جدید ترین ایریگیشن اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا جو گندم کے اس فارم کو 6؍ بڑے سکشن پمپ کی مدد سے دن بھر 60؍ مکعب میٹر پانی فراہم کرتا ہے۔ یہ پانی حمدۃ اسٹیشن سے 13؍ کلومیٹر طویل کنویئر پائپ لائن کے ذریعے فارم تک پہنچایا جاتا ہے
1 منٹ