
خلیج اردو
شارجہ: پولیس نے ایک عرب شہری کو محفوظ اور نایاب جانوروں کی غیر قانونی خرید و فروخت کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی اتوار، 2 نومبر کو مختلف اداروں کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں عمل میں آئی۔
ملزم کے قبضے سے نایاب اقسام کے جانور، جن میں خطرے سے دوچار سارس اور لومڑی شامل ہیں، برآمد کیے گئے۔ ان جانوروں کی تجارت متحدہ عرب امارات کے قانون کے تحت مکمل طور پر ممنوع ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار شخص کو گھات لگا کر پکڑا گیا، جبکہ برآمد شدہ جانوروں کو شارجہ ماحولیات و قدرتی ذخائر اتھارٹی اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے تعاون سے محفوظ فطری ذخائر میں منتقل کر دیا گیا۔
ملزم کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ شارجہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا نایاب جانوروں کی غیر قانونی خرید و فروخت کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں۔
یہ کارروائی شارجہ پولیس کی کرمنل انویسٹی گیشنز ڈائریکٹوریٹ نے وفاقی کریمنل پولیس اور ماحولیات و قدرتی ذخائر اتھارٹی کے اشتراک سے انجام دی۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ماضی میں بھی ایسے واقعات پر سخت کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ابوظہبی میں پانچ افراد کو غیر قانونی شکار پر گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ 2021 میں دبئی پولیس نے ایک شخص کی جانب سے بھیڑیا فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔
متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق بغیر اجازت خطرناک یا نایاب جانور رکھنے پر کم از کم دس ہزار درہم اور زیادہ سے زیادہ پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔







