
خلیج اردو
شارجہ میں یکم نومبر سے ٹریفک لین کے استعمال کو منظم کرنے کے لیے نافذ کیے گئے قانون کے بعد پولیس نے مقررہ لینز کی خلاف ورزی پر 30 ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ کر لیے ہیں۔ شارجہ پولیس کے مطابق اس قانون کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔
قانون کے تحت ڈیلیوری بائیکس، بھاری گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور بسوں کے لیے مخصوص لینز مقرر کی گئی ہیں۔ ضوابط کے مطابق انتہائی دائیں لین صرف بھاری گاڑیوں اور بسوں کے لیے مختص ہے، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو انتہائی بائیں تیز رفتار لین استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ چار لین والی سڑک پر موٹر سائیکل سوار دو دائیں لینز استعمال کر سکتے ہیں، تین لین والی سڑک پر درمیانی یا دائیں لین جبکہ دو لین والی سڑک پر صرف دائیں لین کے استعمال کی اجازت ہے۔
پولیس کے مطابق مقررہ لینز کی خلاف ورزی پر بھاری گاڑیوں کے لیے 1500 درہم جرمانہ اور 12 بلیک پوائنٹس عائد کیے جا رہے ہیں، جبکہ ٹریفک سائنز اور قوانین کی خلاف ورزی پر اضافی 500 درہم جرمانہ بھی کیا جا رہا ہے۔
شارجہ پولیس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اسمارٹ ریڈارز، جدید کیمروں اور ٹریفک گشت کا استعمال کر رہی ہے۔ حکام نے تمام سڑک استعمال کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ راستوں اور لینز کی پابندی کریں تاکہ سڑکوں پر حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔







