متحدہ عرب امارات

شیخ حمدان کا بحرین کا دورہ، خلیجی ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں میں شرکت

خلیج اردو
دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے بحرین کا دورہ کیا جہاں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے منامہ میں ان کا استقبال کیا۔

ملاقات میں بحرین کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور رائل گارڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیخ ناصر بن حمد آل خلیفہ اور رائل گارڈ کی اسپیشل آپریشنز کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل شیخ خالد بن حمد آل خلیفہ بھی شریک تھے۔

شیخ حمدان نے بحرین ڈیفنس فورس کی میزبانی میں ہونے والی مشترکہ فوجی مشق "بحرین شیلڈ” میں بھی شرکت کی۔ مشق میں محمد بن زاید اسکواڈرن، خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی مسلح افواج اور پیننسولا شیلڈ فورس کے دستے شریک ہیں۔

مشترکہ فوجی مشق کا مقصد خلیجی تعاون کونسل کی مسلح افواج کے درمیان فوجی تعاون، رابطہ کاری اور انضمام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ مشق میں مختلف عملی اور فیلڈ آپریشنز پر مبنی منظرناموں کے ذریعے جنگی تیاری بڑھانے، تجربات کے تبادلے اور کمانڈ و کنٹرول کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور شیخ حمدان بن محمد کو مشق کی پیش رفت اور مختلف مراحل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہیں مربوط تربیتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا جن میں شریک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ خلیجی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی مضبوطی بھی اجاگر ہوئی۔

شیخ حمدان کے ہمراہ وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت عمر بن سلطان العلماء، متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عیسیٰ سیف بن ابولہ المزروعی اور وزارت دفاع کے متعدد اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button