
خلیج اردو
دبئی: مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ کے علاقے عجمى میں ابو طلت بیچ پر ہفتہ کی صبح اسکول ٹرپ کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں کم از کم چھ طلبہ ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 24 طلبہ زخمی ہوئے۔ یہ ٹرپ ایک ہاسپیٹالیٹی اکیڈمی کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔
ایمرجنسی سروسز نے موقع پر 16 جدید ایمبولینسز روانہ کیں اور متاثرہ طلبہ کو قریبی اسپتالوں منتقل کیا۔ 13 طلبہ کو عجمی اسپیشلائزڈ اسپتال، 8 کو امریہ جنرل اسپتال جبکہ 3 کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
وزیر صحت و آبادی خالد عبدالغفار نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے بعد ریسکیو اور طبی امدادی عمل کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق خصوصی میڈیکل ٹیمیں زخمی طلبہ کا علاج کر رہی ہیں، جنہیں ڈوبنے کے باعث سانس کی شدید تکالیف اور دیگر پیچیدگیاں لاحق ہوئیں۔







