
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں دنیا کے دوسرے اور امریکا سے باہر پہلے اسفیئر کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو اپنی دیوقامت ایل ای ڈی بیرونی اسکرین ایکسو اسفیئر کی بدولت شیخ زاید روڈ، پلوں اور ابوظہبی کے مختلف مقامات سے نمایاں طور پر نظر آئے گا۔
محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی کے مطابق تقریباً 1.7 ارب امریکی ڈالر لاگت کا یہ منصوبہ یاس مال اور سی ورلڈ ابوظہبی کے درمیان تعمیر کیا جائے گا، جبکہ اس کی تعمیر 2029 کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاس ویگاس میں موجود اسفیئر کی طرح ابوظہبی کا ایکسو اسفیئر بھی مکمل طور پر پروگرام ایبل ایل ای ڈی اسکرین پر مشتمل ہوگا، تاہم اس میں اماراتی ثقافت، مقامی فنکاروں کے فن پارے اور قومی کہانیوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
محکمہ ثقافت و سیاحت کے مطابق "ابوظہبی کی ہموار زمین اور صاف صحرائی فضا اسفیئر کو دور دور تک نمایاں دکھانے کے لیے بہترین حالات فراہم کرتی ہے۔”
حکام نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت اسکولوں اور جامعات کے طلبہ کے لیے بھی آرٹ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ان کے منتخب فن پارے ایکسو اسفیئر پر نمائش کے لیے پیش کیے جا سکیں۔
اسفیئر کے اندر تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار مربع فٹ پر مشتمل جدید ترین ڈیجیٹل اسکرین اور تھری ڈی صوتی نظام نصب کیا جائے گا، جہاں ناظرین صرف پروگرام نہیں دیکھیں گے بلکہ خود کو اس کا حصہ محسوس کریں گے۔ حکام کے مطابق اماراتی تاریخ، موتیوں کی غوطہ خوری، تیل کی دریافت، 1971 میں متحدہ عرب امارات کے قیام اور خلائی سفر جیسے موضوعات کو انتہائی منفرد انداز میں پیش کیا جائے گا۔
منصوبے میں عالمی معیار کے کنسرٹس، مستقل تفریحی شوز، یو ایف سی مقابلے، عالمی باکسنگ ایونٹس، ٹیکنالوجی کانفرنسیں، فیشن شوز اور سرکاری تقریبات بھی منعقد کی جا سکیں گی۔
محکمہ ثقافت و سیاحت نے واضح کیا ہے کہ ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا، تاہم مختلف پروگراموں اور نشستوں کے مطابق قیمتیں مقرر کی جائیں گی تاکہ مختلف طبقات کے افراد اس جدید تفریحی مرکز سے فائدہ اٹھا سکیں۔







