
خلیج اردو
عالمی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی کو پیر کے روز بڑے پیمانے پر تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث امریکا میں 30 ہزار سے زائد صارفین نے سروس میں مسائل کی شکایت درج کرائی۔ آؤٹ ایج ٹریک کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صبح 9 بج کر 22 منٹ (ای ٹی) تک امریکا میں 30 ہزار سے زیادہ رپورٹس موصول ہو چکی تھیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق کینیڈا میں بھی صورتحال متاثر رہی جہاں اسی وقت 2 ہزار 900 سے زائد صارفین نے مسائل رپورٹ کیے، جبکہ برطانیہ میں 8 ہزار 800 سے زیادہ صارفین کو ایپ استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت میں بھی ایک ہزار سے زائد صارفین نے اسپاٹیفائی کی سروس متاثر ہونے کی اطلاع دی۔
اسپاٹیفائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں اس وقت بعض مسائل کا علم ہے اور ان کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تاہم کمپنی نے خرابی کی نوعیت یا بحالی کے ممکنہ وقت سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ خبر رساں ادارے کی جانب سے رابطے پر بھی اسپاٹیفائی نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر درج رپورٹس صارفین کی جانب سے جمع کرائی جاتی ہیں، اس لیے متاثرہ صارفین کی اصل تعداد اس سے مختلف ہو سکتی ہے، تاہم دنیا کے مختلف خطوں میں بیک وقت شکایات سامنے آنا عالمی سطح پر آؤٹ ایج کی نشاندہی کرتا ہے۔







