متحدہ عرب امارات

اسٹارلنک کا ڈائریکٹ ٹو سیل سروس: بغیر وائی فائی کے گاڑیوں اور دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت

خلیج اردو
دبئی: اسپیس ایکس نے اسٹارلنک ڈائریکٹ ٹو سیل (D2C) سروس متعارف کروا دی ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں لانچ ہو چکی ہے اور گاڑیوں سمیت دور دراز علاقوں میں بھی موبائل فون کو سیٹلائٹ سے براہِ راست منسلک کر کے انٹرنیٹ سہولت فراہم کرتی ہے، اس کے لیے وائی فائی یا اضافی ڈیوائس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

یہ ٹیکنالوجی لو ارتھ آربٹ سیٹلائٹس کے ذریعے سگنل براہِ راست فون تک پہنچاتی ہے اور ان جگہوں پر بھی کام کرتی ہے جہاں موبائل ٹاور موجود نہیں ہوتے۔ فی الحال یہ سروس امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان، نیوزی لینڈ، سوئٹزرلینڈ، چلی اور پیرو میں مختلف موبائل کیریئرز کے ساتھ دستیاب ہے۔

اس وقت یہ سروس 60 سے زائد اسمارٹ فون ماڈلز پر کام کر رہی ہے جن میں آئی فون 13 یا اس کے بعد کے ماڈلز، سام سنگ گلیکسی S21 یا اس کے بعد کے ماڈلز، اور پکسل 9 سیریز شامل ہیں۔ اس نظام میں 650 سے زائد ڈائریکٹ ٹو سیل سیٹلائٹس شامل ہیں جو مدار میں موبائل ٹاورز کا کام کرتے ہیں اور 4G LTE نیٹ ورک فراہم کرتے ہیں۔

یہ سیٹلائٹس زمین سے تقریباً 350 کلومیٹر کی بلندی پر گردش کر رہے ہیں اور شمسی توانائی سے چلتے ہیں۔ فی الحال صرف ایس ایم ایس اور لوکیشن شیئرنگ کی سہولت دستیاب ہے، تاہم اسپیس ایکس 2025 کے آخر یا 2026 کے اوائل میں وائس اور ڈیٹا سروس شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی دیہی علاقوں اور ہنگامی حالات جیسے قدرتی آفات میں رابطے کے لیے انقلابی حیثیت رکھتی ہے، تاہم گھنے جنگلات، وادیوں یا انڈور مقامات پر سگنل کمزور ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button