
خلیج اردو
راس الخیمہ:متحدہ عرب امارات میں موسمِ گرما کی آمد کے ساتھ ہی پانی میں تفریح کے دوران حفاظتی اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ رأس الخیمہ پولیس کے ایک افسر نے خبردار کیا ہے کہ تیرنے کی مہارت کے باوجود، پانی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کے لیے لائف جیکٹ پہننا ضروری ہے۔
سرچ اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے میرین یونٹ سے وابستہ وارنٹ آفیسر طالب عبداللہ علی محمد نے "خلیج ٹائمز” سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کئی حادثات صرف اس وجہ سے ہوتے ہیں کہ لوگ خطرے کی شدت کو سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا، "بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ چونکہ انہیں تیرنا آتا ہے، اس لیے وہ محفوظ ہیں۔ لیکن اگر کسی حادثے میں وہ اسکوٹر سے گر جائیں اور بے ہوش ہو جائیں تو وہ ڈوب سکتے ہیں، چاہے انہیں تیرنا آتا ہو۔”
ریسکیو مشنز کی پیچیدگیاں
طالب نے بتایا کہ میرین ریسکیو آپریشنز اکثر مشکل ہوتے ہیں، خاص طور پر جب حادثے کی جگہ واضح نہ ہو۔ ایسی صورت میں ٹیم مختلف سرچ پیٹرن استعمال کرتی ہے، جن میں سرکلر، یو شیپ اور ٹی شیپ فارمیشن شامل ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی، "ٹی شیپ طریقہ اُس وقت استعمال کرتے ہیں جب پانی میں دیکھنے کی صلاحیت کم ہو۔ اس میں کشتی اوپر رہتی ہے، جس سے ایک لمبی دھاتی سلاخ رسی کے ذریعے جڑی ہوتی ہے اور غوطہ خور نیچے تلاش کرتے ہیں۔ لیکن اگر مقام ناواقف ہو یا کوئی کشتی لنگر انداز ہو، تو غوطہ خور کو زخمی ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔”
جیٹ اسکی اور حفاظتی گشت
طالب نے ساحلی تحفظ کے اپنے موجودہ کردار کے حوالے سے بتایا کہ ان کا فوکس جیٹ اسکی ٹریفک کو منظم کرنا اور غیر ذمہ دارانہ رویے سے ہونے والے حادثات کو روکنا ہے۔ ان کے بقول، "بے احتیاطی سے جیٹ اسکی چلانا آج بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ہمارا کام صرف قانون نافذ کرنا نہیں بلکہ عوام کو آگاہی دینا اور پانیوں کو ہر ایک کے لیے محفوظ رکھنا بھی ہے۔”
ریسکیو کے لیے استعمال ہونے والا سازوسامان
ریسکیو آپریشنز میں مختلف آلات استعمال ہوتے ہیں، جن میں ہوا سے بھرنے والے لفٹنگ بیگز شامل ہیں جو بھاری اشیاء جیسے ٹرک وغیرہ کو اٹھانے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ بیگز مختلف وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو 1 ٹن سے 10 ٹن یا اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔ طالب کے مطابق، "ریسکیو ٹیم کے لیے ضروری ہے کہ وہ صحیح وزن کا اندازہ لگا کر موزوں سامان استعمال کرے۔”
انہوں نے بتایا کہ موسم اور پانی کی حالت کے مطابق سازوسامان میں بھی تبدیلی آتی ہے۔ ٹھنڈے موسم میں غوطہ خور تھرمل ویٹ سوٹ استعمال کرتے ہیں تاکہ جسم کی حرارت برقرار رہے، جبکہ سخت موسم میں وہ واٹر پروف ڈرائی سوٹ استعمال کرتے ہیں تاکہ خود کو منجمد درجہ حرارت اور خطرناک کیمیکلز سے بچا سکیں۔ ان کے مطابق، "حالات کے مطابق سازوسامان کو اپنانا بہت ضروری ہوتا ہے۔”