خلیج اردو: بھارت کی سب سے باوقار یونیورسٹیوں میں سے ایک، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) اگلے سال ابوظہبی میں اپنا کیمپس کھولنے جارہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے مختلف میڈیا ہاؤسز کے مطابق بھارت میں 23 آئی آئی ٹیز ملک کے طول و عرض میں واقع ہیں جو انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ سطح کے پروگرام پیش کرتی ہیں۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب بیرون ملک آئی آئی ٹی کیمپس ایک نئے نصاب کے ساتھ قائم کیا جائے گا جو اس کے مجوزہ آف شور کیمپس کے مطالبات اور ضروریات کو مدنظر رکھے گا۔ متحدہ عرب امارات کے علاوہ سری لنکا، نیپال اور تنزانیہ اور ملائیشیا میں بھی آئی آئی ٹی کے مزید بیرون ملک کیمپس کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
2021 کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے مطابق بھارتی وزارت تعلیم کے زیر انتظام دہلی میں واقع آئی آئی ٹی فی الحال انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی اسٹڈیز میں بین الاقوامی سطح پر 54 ویں نمبر پر ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفیر سنجے سدھیر کا کہنا ہے کہ یہ انسٹی ٹیوٹ اپنے متوقع طلباء کو اعلیٰ سطح کی تعلیم فراہم کرے گا۔
میڈیا آؤٹ لیٹ نے بھارتی سفیر کے حوالے سے بتایا کہ فیکلٹی کے بارے میں تفصیلات ابھی زیر بحث ہیں لیکن تعلیم بہت اعلیٰ معیار کی ہوگی، وہ معیار جس کے لیے آئی آئی ٹی جانی جاتی ہے۔
اخبار کا مزید کہنا ہے کہ نومبر میں آئی آئی ٹی دہلی کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کا دورہ کیا اور محکمہ ایجوکیشن اور نالج ابوظہبی کے حکام اور متحدہ عرب امارات میں دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع بات چیت کی