خلیج اردو: متحدہ عرب امارات سے پولینڈ میں یوکرین کے پناہ گزینوں کی مدد کے لیے 27 ٹن خوراک اور طبی سامان لے کر ایک طیارہ روانہ ہوگیا ہے جو یو اے ای کی طرف سے بے گھر یوکرینی عوام اور پناہ گزینوں کو درپیش انسانی مشکلات میں کمی کے لیے اس کی مسلسل امدادی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس حوالے سے یوکرین میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم احمد الکعبی نے یوکرینی پناہ گزینوں کی امداد کے لیے انسانی بنیادوں پر امدادی کوششوں میں تعاون کے لیے متحدہ عرب امارات کی خواہش کا اعادہ کیا۔
یہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے انسانی یکجہتی اور دنیا کے تمام لوگوں کی حمایت ، انسانی بحرانوں پر قابو پانے اور ان کے دکھوں کو کم کرنے میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی اقدار اور اصولوں پر پختہ یقین کو ظاہر کرتا ہے۔
یوکرینی بحران کے آغاز کے بعد سے، متحدہ عرب امارات نے 156 ٹن خوراک ، طبی امداد اور ایمبولینسز کے چھ طیارے پولینڈ اور مالدووا بھیجے ہیں،یہ امداد اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی اپیل اور ریجنل ریفیوجی ریسپانس پلان کے تحت متحدہ عرب امارات کی جانب سے اعلان کردہ1کروڑ83لاکھ درہم کا حصہ ہے
دبئی انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی (آئی ایچ سی) نے شہر میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے 124 ٹن امدادی سامان اور پناہ گاہیں بھی فراہم کی ہیں