
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے صدر Mohamed bin Zayed Al Nahyan کا ایک جملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے جس کے بعد شہریوں اور کاروباری افراد نے اس اقتباس کو مختلف اشیا پر چھاپنا شروع کر دیا۔
یہ جملہ صدر نے 7 مارچ کو زخمی شہریوں کی عیادت کے دوران کہا تھا۔ یہ ان کا پہلا عوامی بیان تھا جو ایران کے حملوں کے بعد سامنے آیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا:
“متحدہ عرب امارات خوبصورت اور پرکشش ملک ہے، لیکن اس کے ظاہر سے دھوکہ نہ کھایا جائے۔ امارات کی کھال موٹی اور گوشت کڑوا ہے، ہم آسان شکار نہیں ہیں۔ ہم اپنے ملک، اپنے عوام اور یہاں رہنے والوں کی ذمہ داری پوری کریں گے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھریں گے۔”
صدر کے اس بیان کے بعد ان کی تصویر اور یہ جملہ گاڑیوں کے اسپیئر ٹائر کور، موبائل فون کورز، مقناطیسی بٹوؤں، کاغذی کپوں اور فن پاروں پر چھاپا جانے لگا ہے۔
ابوظہبی کی ایک ڈیزائنر نے بتایا کہ بہت سے شہری اپنی گاڑیوں اور موبائل کورز پر صدر کا پیغام لگوا رہے ہیں تاکہ یکجہتی اور حوصلے کا اظہار کیا جا سکے۔
اسی دوران صدر نے زخمی شہریوں سے ملاقات میں کہا کہ “یہ تمام لوگ میری ذمہ داری ہیں”، جبکہ انہوں نے اماراتی مسلح افواج کی خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں یہ بھی کہا کہ “متحدہ عرب امارات میں ہر وہ شخص اماراتی ہے جو اس سرزمین سے محبت کرتا ہے اور اس کی ترقی میں کردار ادا کرتا ہے۔”
تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران صدر کا یہ پیغام قومی اتحاد اور حوصلے کی علامت بن کر سامنے آیا ہے۔







