متحدہ عرب امارات

آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ، دو اماراتی آئل ٹینکرز نشانہ بن گئے، ایک بھارتی ملاح ہلاک

خلیج اردو

آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے دوران متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ عمانی سمندری حدود میں جنوبی شپنگ روٹ سے گزرنے والے دو اماراتی آئل ٹینکرز "مومباسا” اور "البحیہ” ایرانی کروز میزائل حملوں کا نشانہ بنے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق حملے میں مومباسا ٹینکر پر سوار ایک بھارتی ملاح ہلاک جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے، جن میں چار بھارتی اور دو یوکرینی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

حملے کے نتیجے میں دونوں ٹینکرز میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم وزارتِ دفاع نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حملے سے دونوں جہازوں کو بھی مادی نقصان پہنچا۔

وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ ملکی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے ایرانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران سے فوری طور پر جارحانہ کارروائیاں روکنے اور آبنائے ہرمز کو بلاشرط دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے کہا کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا اور آبنائے ہرمز کو معاشی دباؤ یا بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنا بحری قزاقی کے مترادف ہے اور یہ علاقائی استحکام، عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔

متحدہ عرب امارات نے ہلاک ہونے والے بھارتی ملاح کے اہلِ خانہ، حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button