متحدہ عرب امارات

UAE میں اکتوبر سے معمول سے زیادہ بارش کا امکان، ایل نینو مضبوط ہونے پر ماہر موسمیات کی وضاحت

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اکتوبر سے جنوری کے دوران معمول سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے، نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے ماہر موسمیات احمد حبیب کے مطابق طویل مدتی موسمی ماڈلز آئندہ مہینوں میں ملک میں اوسط سے زیادہ بارش کی نشاندہی کررہے ہیں۔

احمد حبیب نے واضح کیا کہ اس پیش گوئی کو ایل نینو کے باعث شدید طوفان یا سیلاب کی براہ راست وارننگ نہیں سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق بعض ماڈلز زیادہ بارش کی نشاندہی کررہے ہیں، تاہم بارش کی حتمی مقدار کے بارے میں فی الحال یقین سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے 11 ستمبر کو جاری وضاحت میں رواں سال کے ایل نینو کو بہت مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موسم میں فائدہ مند بارش کا ایک اشارہ ہوسکتا ہے، تاہم اگر متحدہ عرب امارات میں موزوں موسمی حالات پیدا ہوں تو بعض اوقات شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔

ماہر موسمیات کے مطابق ایل نینو ایک عالمی موسمیاتی مظہر ہے جو مشرقی استوائی بحرالکاہل کے سمندری پانی کے غیر معمولی طور پر گرم ہونے سے پیدا ہوتا ہے، تاہم اس کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ کسی مخصوص ملک میں لازماً شدید موسم یا سیلاب آئے گا۔

احمد حبیب نے کہا کہ ایل نینو متحدہ عرب امارات کو براہ راست متاثر نہیں کرتا بلکہ عالمی فضائی گردش میں تبدیلیوں کے ذریعے مختلف خطوں کے موسم پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں بارش کی مقدار کا تعین مقامی فضائی دباؤ، نمی، آبی بخارات، سطح اور بالائی فضا کے درجہ حرارت سمیت دیگر موسمی عوامل کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ روزبی لہروں سمیت مختلف فضائی نظام یہ طے کرنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں کہ بارش پیدا کرنے والے نظام کہاں تشکیل پاتے ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت ایل نینو سمندر میں فعال ہے لیکن خطے میں موجود فضائی دباؤ کی صورتحال شدید موسمی حالات پیدا نہیں کررہی۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے شہریوں کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان پیش گوئیوں پر انحصار نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جن میں ایل نینو کو متحدہ عرب امارات میں شدید سیلاب یا غیر معمولی بارش کی براہ راست وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ شہریوں کو موسم سے متعلق خطرات کے لیے سرکاری موسمی پیش گوئیوں اور انتباہات کو مدنظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں موسم بتدریج موسم خزاں کی جانب منتقل ہورہا ہے اور درجہ حرارت بدستور بلند رہنے کا امکان ہے۔ احمد حبیب کے مطابق دن کے وقت درجہ حرارت 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ رات کے وقت نمی میں اضافے کے باعث خصوصاً ساحلی علاقوں میں دھند یا کہر کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button