متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں تعلیمی اصلاحات، 2025-2026 کے لیے دوسرے سمسٹر کے امتحانات منسوخ

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں تعلیمی سال 2025-2026 پیر سے شروع ہوگا، جس کے لیے ملک بھر کے اسکولوں میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ایک ملین سے زائد طلبہ اسکولوں کا رخ کریں گے۔

وزارت تعلیم نے اہم اقدام کرتے ہوئے دوسرے سمسٹر کے امتحانات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، اب طلبہ کی کارکردگی سال بھر جاری رہنے والی مسلسل جانچ (Continuous Evaluation) کے ذریعے پرکھی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ پر دباؤ کم کرنا اور روایتی امتحانی نظام کے بجائے تنقیدی اور تجزیاتی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

وزارت تعلیم کے انڈر سیکرٹری محمد القاسم نے بتایا کہ یہ نیا پالیسی گریڈ فائیو اور اس سے اوپر کے طلبہ پر لاگو ہوگی۔ ان کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد طلبہ کو اضافی تعلیمی معاونت فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں اور غیر نصابی سرگرمیوں پر توجہ دینا ہے۔

وزیر تعلیم سارہ الامیری نے پریس بریفنگ میں کہا کہ وزارت نے تعلیمی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط کیا ہے اور آبادی کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں نو نئے اسکول کھولے گئے ہیں تاکہ جدید اور جدت پر مبنی تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام گریڈز کے لیے نئے جانچ کے طریقہ کار متعارف کرائے گئے ہیں، جو طلبہ کی حقیقی صلاحیتوں کو بہتر طور پر سامنے لائیں گے۔

دریں اثنا، کرکلم اور اسیسمنٹ کی اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری آمنہ الصالح نے بتایا کہ آنے والے تعلیمی سال میں ایک ہزار اساتذہ طلبہ کو مصنوعی ذہانت (AI) پڑھائیں گے، جو مستقبل کی ضروریات کے مطابق تیاری کے لیے یو اے ای کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

وزارت تعلیم کے مطابق ملک بھر میں 520 اسکول 2 لاکھ 80 ہزار طلبہ کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ رواں سال 25 ہزار نئی رجسٹریشنز ہوئی ہیں، 5,500 سے زائد اسکول بسیں چلائی گئی ہیں، 47 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں اور ایک ملین سے زائد نصابی کتابیں شائع کی گئی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button