
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے ملازمین کیلئے عیدالفطر کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کی تصدیق کر دی گئی ہے جس سے ملازمین اور کاروباری اداروں کو پیشگی منصوبہ بندی میں سہولت ملے گی۔
وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن کے مطابق نجی شعبے کیلئے عیدالفطر کی تعطیلات جمعرات 19 مارچ سے ہفتہ 21 مارچ 2026 تک ہوں گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر رمضان المبارک 30 دن کا ہوا تو نجی شعبے کی تعطیلات میں توسیع کرتے ہوئے اتوار 22 مارچ کو بھی شامل کر لیا جائے گا جو کہ متحدہ عرب امارات میں سرکاری ویک اینڈ کا دن بھی ہے۔
اعلان کے مطابق ملک بھر میں شہریوں نے 18 فروری سے رمضان المبارک کے روزے رکھنا شروع کر دیئے ہیں جبکہ عیدالفطر کی حتمی تاریخ کا اعلان شوال کا چاند نظر آنے کے بعد کیا جائے گا۔
29 رمضان المبارک یعنی 18 مارچ کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، اگر اسی شام چاند نظر آ گیا تو عیدالفطر 19 مارچ کو منائی جائے گی جبکہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں روزے 19 مارچ تک جاری رہیں گے اور عیدالفطر 20 مارچ سے شروع ہوگی۔
مزید برآں اگر ملازمین 16 سے 19 مارچ تک سالانہ رخصت حاصل کر لیں تو ہفتہ وار تعطیلات کو شامل کر کے 14 مارچ سے 22 مارچ تک مجموعی طور پر 9 روزہ چھٹیوں سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
یہ اعلان عیدالفطر کی تعطیلات کے حوالے سے ملازمین کو بروقت تیاری کا موقع فراہم کرے گا۔







