
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ جمہوریہ یمن سے یو اے ای کی مسلح افواج کے تمام عناصر کی واپسی مکمل کر لی گئی ہے۔ وزارت کے بیان کے مطابق یہ اقدام انسدادِ دہشت گردی ٹیموں کی باقی ماندہ ذمہ داریاں ختم کرنے کے اعلان شدہ فیصلے کے تحت کیا گیا، جس میں تمام اہلکاروں کی محفوظ واپسی اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مکمل رابطہ یقینی بنایا گیا۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے ذریعے یو اے ای نے یمن میں اپنی انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے اختتام کو عملی جامہ پہنایا ہے، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی اور سیاسی کوششوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے آخری فوجی دستے یمن سے روانہ ہو چکے ہیں۔ یو اے ای حکام نے حالیہ فضائی حملوں کے تناظر میں کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے بجائے مکالمہ ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ایک حکومتی عہدیدار نے کہا کہ یو اے ای نے اپنی انسدادِ دہشت گردی فورسز کی موجودگی کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، تاہم ملک اب بھی مکالمے، کشیدگی میں کمی اور بین الاقوامی حمایت یافتہ امن عمل سے اپنی وابستگی پر قائم ہے، کیونکہ یہی یمن میں دیرپا امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔







