متحدہ عرب امارات

فلائی دبئی کا طیارہ مالدیپ میں حادثے کا شکار، مسافر محفوظ

خلیج اردو
مالے کے ولانا انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں فلائی دبئی کا طیارہ گراؤنڈ حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں طیارے کے ونگ اسٹرکچر کو نقصان پہنچا، تاہم تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا۔ ایئرلائن کے مطابق واقعہ چار دسمبر کو پیش آیا اور تمام مسافروں کو باحفاظت ٹرمینل منتقل کر دیا گیا۔ مسافروں کو اگلی دستیاب پروازوں پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ طیارے کی تفصیلی تکنیکی جانچ اور مرمت کا عمل جاری ہے تاکہ اسے ریگولیٹری معیار کے مطابق دوبارہ قابل پرواز بنایا جا سکے۔

فلائی دبئی کے ترجمان نے بتایا کہ حادثہ گراؤنڈ آپریشن کے دوران پیش آیا اور کمپنی ہر وقت اپنے مسافروں اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔

مالدیپ کا ولانا انٹرنیشنل ائیرپورٹ شدید رَش کے باعث توسیع کے عمل سے گزر رہا ہے اور رواں برس کے اختتام تک نیا ٹرمینل کھولے جانے کی توقع ہے جو 70 لاکھ مسافروں کی سالانہ گنجائش رکھے گا۔

گزشتہ دنوں یہ بھی رپورٹ ہوا تھا کہ برطانیہ کے مانچسٹر ائیرپورٹ پر ایمریٹس کا اے 380 طیارہ ایک فیول ٹینکر سے ٹکرا کر متاثر ہوا۔

ایئرلائنز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام حفاظتی تقاضوں پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور متاثرہ طیارے کی مرمت مکمل ہونے کے بعد ہی اسے دوبارہ آپریشن میں شامل کیا جائے گا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button