
خلیج اردو
خلیج اردو: متحدہ عرب امارات نے انٹرنیشنل سیکیورٹی الائنس (ISA) کے ساتھ مل کر ایک بڑی انسداد منشیات کارروائی میں حصہ لیا جس کے دوران دنیا بھر سے 822 ٹن سے زائد منشیات برآمد کی گئیں، جن کی مالیت تقریباً 2.9 بلین ڈالر (10.64 بلین درہم) بتائی جاتی ہے۔
یہ دو ماہ پر محیط آپریشن ہوا، جو فضاء، سمندر اور خشکی پر بیک وقت چلایا گیا۔ کارروائی کے دوران 12 ہزار 564 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
اس کارروائی میں یو اے ای کے علاوہ بحرین، اسپین، مراکش، فرانس، نیدرلینڈز، سلوواکیہ اور اٹلی سمیت کئی ممالک شریک تھے۔ مزید برآں، کولمبیا، ارجنٹینا، برازیل، پیرو اور دیگر لاطینی امریکی ممالک نے بھی حصہ لیا، جبکہ یورپول کے ذریعے بیلجیم اور کروشیا بھی شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ مالدیپ، اردن اور نیپال نے بھی تعاون فراہم کیا۔
ماہرین کے مطابق اس مشترکہ کارروائی سے نئی اسمگلنگ نیٹ ورکس پر قیمتی معلومات حاصل ہوئیں، ممالک کے درمیان تجربات کا تبادلہ ہوا اور سرحد پار منشیات کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی گئی۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل سیکیورٹی الائنس 2017 میں فرانس اور متحدہ عرب امارات نے قائم کیا تھا، جس کا مقصد عالمی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس اتحاد کے ذریعے یو اے ای اپنی بین الاقوامی سیکیورٹی پالیسی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔







