متحدہ عرب امارات

امارات میں نجی شعبے کے ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے لیے نئی ڈیجیٹل سروس متعارف

خلیج اردو
ابوظہبی
متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے کے ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی ہے، جس کا اطلاق ان تمام ملازمین پر ہوگا جن کی ڈگریاں متحدہ عرب امارات سے باہر سے جاری کی گئی ہیں۔ یہ سہولت فی الحال مہارت کی سطح 1 سے 4 کے حامل نجی شعبے کے ملازمین اور آجرین کے لیے دستیاب ہوگی۔

وزارت انسانی وسائل و امارات کاری (MoHRE) کے مطابق اس منصوبے کا مقصد تعلیمی اسناد کی صداقت اور درستگی کو یقینی بنانا ہے تاکہ بھرتی کے عمل میں شفافیت اور قابل اعتماد طریقہ کار اپنایا جا سکے۔ اس نظام کے ذریعے ایک بار فیس کی ادائیگی پر فوری ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہو سکے گی، جس سے کاغذی کارروائی کم اور طریقہ کار آسان ہو جائے گا۔

MoHRE نے وضاحت کی کہ یہ سہولت مستقبل میں متحدہ عرب امارات کے اندر جاری کی گئی تعلیمی اسناد کی تصدیق پر بھی لاگو کی جائے گی۔ فی الحال، یہ سروس وزارت کی ویب سائٹ، اسمارٹ ایپلیکیشن اور ملک بھر کے بزنس سروس سینٹرز کے ذریعے دستیاب ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کے لیے تمام ملازمین کے لیے تعلیمی اسناد کی تصدیق لازمی ہوتی ہے، جبکہ غیر ملکی شہریوں کے لیے یہ تصدیق ان کے اپنے ملک سے کروانا ضروری ہوتی ہے جس کے بعد امارات میں مزید تصدیق کا عمل ہوتا ہے۔ عمومی طور پر یہ عمل دس دن یا اس سے زیادہ لیتا ہے، جبکہ نئے منصوبے کے تحت یہ عمل دو دن میں مکمل ہو سکے گا۔

وزارت کے معاون سیکرٹری برائے لیبر مارکیٹ اور امارات کاری آپریشنز خلیل الخوری نے کہا کہ یہ منصوبہ وزارت کے ضابطہ جاتی نظام کو مضبوط بنائے گا اور غیر قانونی بھرتی کے عمل کو روکے گا۔ ان کے مطابق یہ سروس ورک پرمٹ کے اجراء کے نظام میں ضم کر دی جائے گی تاکہ مکمل انضمام کے ساتھ سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ منصوبہ وزارت اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق (MoHESR) کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جو اسناد کی تصدیق کے عمل کی ذمہ دار ہوگی، جبکہ ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (TDRA) اس نظام کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی معاونت کرے گی۔

MoHESR کے انڈر سیکرٹری ڈاکٹر محمد المعلا نے کہا کہ یہ سروس نہ صرف اسناد کی تصدیق کے عمل کو تیز اور قابل اعتماد بنائے گی بلکہ زیرو بیوروکریسی پروگرام کے اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button