
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اگست 2026 کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست 2026 سے ہوگا۔ جولائی میں چار ماہ مسلسل اضافے کے بعد یو اے ای میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی تاہم اگست کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھا دی گئی ہیں۔
اگست کے لیے سپر 98 پٹرول کی قیمت 3.60 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جو جولائی میں 3.40 درہم فی لیٹر تھی۔
اسپیشل 95 پٹرول 3.49 درہم فی لیٹر میں دستیاب ہوگا جبکہ جولائی میں اس کی قیمت 3.29 درہم فی لیٹر تھی۔
ای پلس 91 پٹرول کی قیمت 3.41 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جو گزشتہ ماہ 3.21 درہم فی لیٹر تھی۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت 3.80 درہم فی لیٹر کردی گئی ہے جو جولائی میں 3.60 درہم فی لیٹر تھی۔
یوں اگست میں سپر 98، اسپیشل 95 اور ای پلس 91 پٹرول کی قیمت میں 20 فلس فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 20 فلس فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں 28 فروری کو مشرق وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد خوردہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور پٹرول کی قیمتیں 60 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی تھیں تاہم جولائی میں قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہانہ بنیادوں پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کا براہ راست اثر گھریلو بجٹ پر پڑتا ہے کیونکہ ایندھن زیادہ تر خاندانوں کے لیے روزمرہ اور مستقل اخراجات میں شامل ہے۔ ایندھن کی قیمت میں معمولی اضافہ بھی وقت کے ساتھ مجموعی اخراجات بڑھا دیتا ہے اور گاڑی چلانے والوں کو اپنی آمدنی کا زیادہ حصہ پٹرول یا ڈیزل پر خرچ کرنا پڑتا ہے۔
دوسری جانب 29 جولائی کو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی۔ اس سے قبل 28 جولائی کو اردن میں امریکی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی دی گئی تھی جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔







