متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات: صرف 500 درہم میں رہائشی اب مشترکہ ملکیت میں پراپرٹی خرید سکیں گے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے ہیں، جہاں اب رہائشی صرف 500 درہم کی ادائیگی سے متعدد افراد کے ساتھ مل کر پراپرٹی کے شریک مالک بن سکیں گے۔ یہ پیش رفت پراپرٹی فائنڈر اور اسمارٹ انویسٹمنٹ پلیٹ فارم ’’اسٹیک‘‘ کی شراکت کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے، جس کا مقصد زیادہ لوگوں کو سرمایہ کاری کے موثر مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس نئے نظام کے تحت صارفین پراپرٹی فائنڈر کے پلیٹ فارمز کے ذریعے براہ راست اسٹیک کے جدید پروڈکٹ اور انویسٹمنٹ پورٹ فولیو تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ اس انضمام سے سرمایہ کار انتہائی کم رقم کے ساتھ فریکشنل اونر شپ کے ذریعے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بآسانی داخل ہوسکیں گے، جس سے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم ہوں گی۔

یہ سہولت 2026 کی پہلی دو سہ ماہی میں پراپرٹی فائنڈر کی ایپ پر دستیاب ہوگی، اور یوں یہ پلیٹ فارم خطے میں ایسا فیچر متعارف کرانے والا پہلا ادارہ بن جائے گا۔ شراکت داری کا مقصد صارفین کو تلاش کے ساتھ ساتھ لین دین کا محفوظ اور باقاعدہ طریقہ فراہم کرنا ہے جو مکمل طور پر یو اے ای کے قوانین کے مطابق ہوگا۔

اس اقدام سے ملک میں دولت سازی کے نئے ذرائع پیدا ہوں گے اور متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہاؤ کو مزید تقویت ملے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button