متحدہ عرب امارات

یو اے ای کے حکمرانوں کی ہجری نئے سال پر مبارکباد، خطے میں امن و استحکام کی دعا

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہجری سال 1447 کی آمد پر ملک کے عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے دعا کی۔

صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے پیغام میں کہا:
"متحدہ عرب امارات کے عوام اور تمام مسلمانوں کو ہجری نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
دعا ہے کہ آنے والا سال خطے اور دنیا میں پائیدار امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لے کر آئے۔”

اسی مناسبت سے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی عوام کو ہجری سال کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ یہ نیا سال خیر، برکت، خوبصورتی، سلامتی اور خوشحالی کا سال ہو۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا:
"ہم عرب اور اسلامی امت کو ہجری سال 1447 کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ سال خیر، برکت، خوبصورتی، سلامتی، امن، استحکام اور ترقی کا ہو۔”

جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان

ہجری نئے سال کی مناسبت سے یو اے ای میں جمعہ، 27 جون کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے باعث اکثر شہریوں کو تین دن کا طویل ویک اینڈ میسر آئے گا، جبکہ پیر، 30 جون سے معمول کے اوقات کار بحال ہوں گے۔

پارکنگ اور پبلک ٹرانسپورٹ کا خصوصی شیڈول

عام تعطیل کے باعث جمعہ کو پارکنگ مفت ہو گی۔ دبئی میٹرو صبح 5 بجے سے لے کر اگلے دن، 28 جون، صبح 1 بجے تک چلے گی جبکہ دبئی ٹرام صبح 6 بجے سے رات 1 بجے تک سروس فراہم کرے گا۔

نیا ہجری چاند نظر آ گیا

ابوظہبی میں جمعرات کی صبح یو اے ای کے فلکیاتی مرکز نے نئے ہجری چاند کی تصاویر بھی جاری کیں، جس کے بعد نئے اسلامی سال 1447 ہجری کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button