متحدہ عرب امارات

خریف سیزن میں صلالہ کا سفر: یو اے ای سے ویزا، بہترین وقت، اور لاگت کی مکمل تفصیل

خلیج اردو
صلالہ، عمان: جولائی کا مہینہ عمان کے ظفار ریجن خصوصاً صلالہ کے دورے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے، جب خریف سیزن کی آمد کے ساتھ ہی پورا علاقہ سرسبز و شاداب مناظر میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

ظفار کے میئر ڈاکٹر احمد الغسانی نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں بتایا کہ "خریف سیزن 21 جون سے شروع ہو کر 20 ستمبر تک جاری رہتا ہے۔ اگرچہ بارش کا آغاز بعض اوقات پہلے یا بعد میں ہوتا ہے، لیکن عام طور پر جون کے آخر تک زمین سبز ہونا شروع ہو جاتی ہے۔”

ہر سال ہزاروں اماراتی شہری اور غیرملکی مقیم افراد عمان کا سفر کرتے ہیں تاکہ ٹھنڈے موسم، بارش، اور فطری خوبصورتی کا لطف اٹھا سکیں۔

ویزا کی شرائط اور لاگت

یو اے ای کے شہریوں کو عمان جانے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوتی، جبکہ غیرملکی مقیم افراد بارڈر پر یا آن لائن ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر احمد کا مشورہ ہے کہ "ریذیڈنٹس کے لیے آن لائن ویزا اپلائی کرنا زیادہ محفوظ اور وقت کی بچت کا ذریعہ ہے۔”

رائل عمان پولیس کے مطابق، "ای ویزا آپ کو بغیر کسی تاخیر کے عمان میں داخلے کی سہولت دیتا ہے۔” آن لائن درخواست کی فیس 5 عمانی ریال (تقریباً 48 درہم) ہے۔

یو اے ای سے آنے والے سیاحوں کی تعداد

2023 میں خریف سیزن کے دوران تقریباً 10 لاکھ سیاح عمان آئے، جن میں زیادہ تر عمانی شہری اور ریذیڈنٹس تھے۔ خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاحوں میں سب سے زیادہ تعداد یو اے ای سے آنے والوں کی تھی، جس کے بعد سعودی عرب کا نمبر آتا ہے۔

ڈاکٹر احمد نے بتایا کہ "ہم سیاحوں کی تعداد میں ہر سال کم از کم 10 فیصد اضافہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام جاری ہے۔”

سفر کے ذرائع

اکثر یو اے ای کے سیاح صلالہ بذریعہ کار یا ہوائی جہاز جاتے ہیں، جبکہ کچھ گروپس پہلے صحار یا مسقط پہنچ کر وہاں سے بس کے ذریعے صلالہ کا رخ کرتے ہیں۔

ہوٹل سہولیات میں اضافہ

ظفار میونسپلٹی وزارت سیاحت کے ساتھ مل کر ہوٹل اور ریزورٹ کی گنجائش میں اضافہ کر رہی ہے۔ "چند نئے ہوٹل اس خریف سیزن میں کھلیں گے جبکہ کچھ آئندہ موسم سرما میں کھولے جائیں گے۔ گزشتہ سال کے سیزن میں کئی ہوٹلز 100 فیصد بُک ہو گئے تھے۔”

خریف سیزن میں سرگرمیاں اور سیاحتی مقامات

خریف سیزن کے دوران صلالہ میں مختلف تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے جن میں کارنیوالز، ڈرون شوز، لائٹ شوز، فوارے، تھیٹر پرفارمنسز، اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں۔

میئر کے مطابق، "راملت جدیلہ (دنیا کا سب سے بڑا ریت کا ٹیلہ)، جھرمٹ آبشاریں، سرسبز وادیاں، تاریخی قلعے، اور ساحل سمندر خریف سیزن کے اہم پرکشش مقامات ہیں۔”

انہوں نے بتایا کہ صلالہ میں چین کے معروف ملاح اور محقق ژینگ ہی کے اعزاز میں ایک یادگار قائم ہے جو چین سے باہر اپنی نوعیت کی واحد یادگار ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button